بیدر۔20؍اکتوبر۔(محمدامین نوازبیدر/ایس او نیوز) شاہین ادارہ جات بنگلورو میں سہ روزہ انٹر کلاس اسپورٹس اور دیگر ثقافتی پروگرام ’’Falcon Fiesta 2018‘‘ کا انعقاد عمل میں آیا ۔اس پروگرام میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے ڈاکٹر اطہر علی کمشنر فوڈ اینڈ سیفٹی حکومتِ کرناٹک نے پروگرام کا اپنے ہاتھوں سے افتتاح کیا ۔
انھوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں بتایا کہ طلباء اس ملک کے درخشاں مستقبل ہوتے ہیں ‘ان میں پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے اس طرح کے پروگرام کا انعقاد نہایت ہی ضروری ہے۔حصولِ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود اور ثقافتی پروگرام میں اپنی صلاحیتو ں کو پیش کرنا ہی طلباء کے حوصلوں کو شاہین کی طرح پرواز ملتی ہے ۔اور جب عقابی روح ان کے اند رپیدا ہوتی ہے تو یقیناًوہ کامیابی کی اُس منزل کو حاصل کرلیتے ہیں جس کا انھوں نے مقصدِ ہدف رکھا ہے۔
پروگرام میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ڈاکٹر پروین رنگا گرانڈ ماسٹر کراٹے و مارشل آرٹس اور بین الاقوامی شہرت یافتہ اسپیکر جناب سعید ماہرِ تعلیم نے شرکت کی ۔ڈاکٹر پروین رنگا نے اپنے خطاب میں کراٹے اور مراشل آرٹس کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ کراٹے اور مارشل آرٹس کا سیکھنا اس لئے ضروری ہے کہ اس کے سیکھنے سے اپنے آپ اور دیگر کا تحفظ کرسکتے ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر پروین رنگا کے کے شاگردوں نے کراٹے اور مارشل آرٹس کا حیرت انگیز مُظاہرہ پیش کیا ۔
جناب سعید صاحب نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طلباء کی بھر پور حوصلہ افزائی فرمائی۔شاہین ادارہ جات کے ڈائریکٹر جناب عبدالسبحان نے اپنے خطاب میں بتا کہ شاہین ادارہ جات کا اس طرح کے پروگرام کا مقصد ہے کہ طلباء حصولِ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود اور ثقافی میدان میں بھی بہترین مُظاہرہ پیش کرتے ہوئے نہ صرف اپنی صحت و دماغ کے ساتھ ساتھ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کریں بلکہ اپنے ملک کا نام روشن کریں ۔جناب عبدالسبحان نے کہا کہ کھیل کود کا مقصدجسمانی ورزش کرنا ہے۔ثقافتی پروگرام سے طلباء میں ثقافتی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کیلئے ہماری چھوٹی سی کوشش ہے تاکہ طلباء ثقافتی میدان میں بھی کسی کے پیچھے نہ رہیں ۔انھوں نے آخر میں طلباء کو ہدایت دی کہ وہ اپنے Talent کو نکھاریں ۔مذکورہ بالا پروگرام میں شاہین ادارہ جات کے بنگلورو شیواجی نگر کوئنس روڈ ‘آر ٹی نگر اور جیا نگر کے کالجس کے تقریبا1800طلباء و طالبات نے حصہ لیا ۔23مُختلف مقابلہ جات کے علاوہ طالبات کیلئے علیحدہ طور آوٹ ڈور اور انڈور گیمس کا انعقاد کیا گیا تھا۔جناب عبدالاحد ڈی سی پی بنگلور کے ہاتھوں ونر ٹیم کو انعامات تقسیم کئے گئے ۔ شاہین پی یو کالج بنگلوروکے جناب صادق پاشاہ پرنسپل نے شاہین ادارہ جات کا تعارف پیش کیا ‘وائس پرنسل نے تمام شرکائے پروگرام کا شکریہ ادا کیا